لاہور(کلچرل رپورٹر)پی ٹی وی کے نامور میزبان،اینکر،شاعر و ادیب طارق عزیز کی وفات پر شوبز سے وابستہ افراد نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ طارق عزیز اپنی ذات میں ایک شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ پیار،ادب کا پرچار کیا۔اداکار نسیم وکی نے کہاکہ طارق عزیز پی ٹی وی کے بانیوں میں سے تھے جنہوں نے پی ٹی وی کی ٹرانسمیشن کا آغاز کیا تھا اور پھر’’نیلام گھر ‘‘جیسا کماؤ پوت بھی دیا۔مصورہ رابی پیرزادہ نے کہاکہ مجھے اپنے ماضی میں کچھ لوگ ایسے ملے جو شوبز میں ہوتے ہوئے بھی شوبز میں نہیں تھے ، طارق انکل نے مجھے اپنی زندگی کی بہت سی باتیں بتائیں، لاہور کا آنا سڑکوں پر سونا، ریڈیو سے ٹی وی تک کا سفر۔ وہ مجھے اکثر کہتے تھے تم شوبز میں نہیں رہ سکتی۔پروڈیوسر آغاقیصر عباس نے کہاکہ طارق عزیز ایک مشفق باپ اور استاد کی طرح تھے جن کے ساتھ کام کرکے میں نے بہت کچھ سیکھا۔