لاہور(کلچرل رپورٹر)پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر (پِلاک)، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام ’’طافو کے رنگ صابری کے سنگ‘‘کے زیر عنوان محفل موسیقی کا انعقاد ہوا ۔جس میں امجد صابری کے بیٹے مجدد صابری نے اُستاد طافو خان کی باقاعدہ شاگردی اختیار کر لی ،اس موقع پر فنکاروں اور موسیقاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔محفل ِموسیقی میں اُستاد طافو خان کے شاگردوں نے پرفارم کیاجن میں نوراں لعل، میگھا، گلاب،امِ لیلیٰ، زرقا، ردا شاہ ،ملائکہ، طہٰ، صدف، راحت،ناصر بیراج اور طارق طافو و دیگر شامل تھے ۔ امجد صابری کے بیٹے مجدد صابری اوربرادران نے جب نعت ِ رسول مقبول ﷺ ’’اے سبز گنبد والے منظور دعا کرنا ۔‘‘پیش کی تو ہر آنکھ اشک بار ہو گئی۔ اس محفل میں امجد صابری کی پوری فیملی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔