لاہور،بہاولپور،ملتان،اسلام آباد، کراچی (خصوصی نمائندہ، نامہ نگار،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں انتخابات کے نتیجے میں اگر معلق پارلیمان بنتی ہے تو یہ ملک کے لیے بڑی بدقسمتی ہو گی،موجودہ حالات میں پاکستان کو جس طرح کے معاشی بحران اور مشکلات کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیے طاقتور حکومت کی ضرورت ہے جو بڑے فیصلے کر سکے ، حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی سے اتحاد کرنے پر اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دیں گے ۔بی بی سی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر اتحاد بنانا پڑا تو یہ ن لیگ سے بنے گا اور نہ ہی پیپلز پارٹی سے کیونکہ انکے رہنما کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں،اقتدارمیں آنے کے بعد اولین ترجیح ملک کی معاشی صورتحال کو بہتر کرنا ہو گا۔بہاول پور ڈرنگ سٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ باریاں لینے والوں کو منہ کی کھانا پڑیگی، الیکشن والے دن ہر طرف بلا چلے گا، عوام 25 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور برادری ازم سے ہٹ کر نظرئیے کو ووٹ دیں جس معاشرے میں ظلم ہو گا وہ آگے نہیں بڑھ سکتا ، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں سب سے پہلے جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے ، نوازشریف اورزرداری ملک سے کرپشن ختم نہیں کرسکتے ۔قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 25جولائی قوم کے لئے فیصلہ کن دن ہو گا، 22سا ل سے اس دن کا انتظار کر رہاتھا، اقتدار میں آنے کے بعد تما م پاکستانیوں کو ایک پیج پر لائیں گے ،نیب کو مزیدمضبوط اور ایف بی آر کو ٹھیک کروں گا،ملتان اور فیصل آبا دکی پاور لومز انڈسٹری کو بحا ل کرینگے ،شہبا ز شریف نے بھائی کے ساتھ وفا نہیں کی تو وہ ملک کے ساتھ کیاکرے گا۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ملتان کل بھی عمران خان کا تھا اور آج بھی عمران خان کا ہے ، عمران نے قوم کو جگا دیا، ن لیگ نے جنوبی پنجاب کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلو ک کیا جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی لولی پاپ کے سوا کچھ نہیں دیا،عمران نے ملتان جلسہ میں جنوبی پنجاب صوبہ کا ذکر نہیں کیا جس سے شرکا مایوس ہوگئے ،جلسہ سے قبل لگائے گئے عمران کے پوسٹرز پر نامعلوم افراد نے سیاہی پھینک دی جبکہ کچھ پوسٹرز کو پھاڑ دیا گیا۔کپتان آج کرک، بنوں، اسلام اور لاہور میں جلسوں سے خطاب کرینگے ۔قبل ازیں این اے 131 سے آزاد امیدوار ڈاکٹر عامر حسین نے عمران خان سے انکی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی اور انکے حق میں انتخاب سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔کپتان نے ویڈیوپیغام جاری کرتے ہوئے عوام سے مزارقائدپرجلسہ میں بھرپورشرکت کی اپیل کی۔ادھر عمران نے زمبابوے کیخلاف ایک روزہ میچ میں تاریخی کارکردگی پر پاکستانی بلے باز فخر زمان کومبارکباددی۔