اسلام آباد، ابو ظہبی،تہران (سپیشل رپورٹر ،92 نیوز رپورٹ ، اے پی پی،این این آئی)پاکستان نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 2ارب ڈالرکی قرض واپسی کی مدت میں توسیع کاخیرمقدم کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق امارات نے ابو ظہبی فنڈ سے پاکستان کو دیئے گئے 2 ارب ڈالر امدادی قر ض کی واپسی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اماراتی وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے خیر سگالی اقدام پر اماراتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اوریو اے ای کے درمیان بڑھتے دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔اس دوران دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین "افغان امن عمل" سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے ۔دونوں نے عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان رواں سال اکتوبر میں متوقع "دبئی ایکسپو " میں بھرپور شرکت کریگا ۔وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کو ویزہ کے حصول میں مشکلات سمیت پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں جلد حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔قبل ازیں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے انٹرویومیں طالبان پر افغان امن عمل سے وابستہ رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے لیکن پاکستان انہیں آمادہ کرنیکی ہر ممکن کوشش کریگا۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کا حصہ بنے رہنے میں طالبان کا قومی مفاد ہے ۔دریں اثناوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یواے ای کادورہ مکمل کر کے 3 روزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ، تہران پہنچنے پر ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل و ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر رسول موسوی، ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ3 روزہ دورہ ایران کے دوران ایران کے صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقاتیں کریں گے ، دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے سرحدی علاقوں میں "بارڈر مارکیٹس" کے قیام کے حوالے سے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ وزیر خارجہ نے دورہ ایران سے قبل ویڈیو پیغام میں کہاکہ افغان امن عمل میں بہت سی نئی پیشرفتیں ہوئی ہیں، افغان امن عمل ہماری طرح ایران کیلئے بھی اہم ہے ، اس حوالے سے مشاورت کے بعد حکمت عملی میں یکسوئی پیدا کرینگے ۔ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرا ن نے پاکستانی کینو کی درآمد پر عائد پابندی کو ختم کردیاہے ،خوشی ہے کہ ترش پھلوں کے کاشتکاروں کو اچھی خبر دے رہاہوں ۔