اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ(ن) کے قائد، سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست پر ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے محکمہ داخلہ پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی اور نیب کو بھی درخواست پر شق وار جواب داخل کرانے کا حکم دیا ہے ۔نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ دوران سماعت سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کی جانب سے نواز شریف کی 4 مختلف میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا رپورٹس ایسے جمع نہیں کرائی جاتیں، اس کے لئے طریقہ کار موجود ہے ۔ عدالت نے رجسٹرار آفس میں میڈیکل رپورٹس جمع کرانے اور ان کی نقول نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ نواز شریف کو مسلسل نگہداشت کی ضرورت ہے ، اس لئے انہیں ایسے ہسپتال میں رکھاجائے جہاں 24 گھنٹے اچھی طبی سہولیات میسر ہوں ،اس لئے تجویز ہے کہ نوازشریف کے دل کے مرض کی وجہ سے ان کے پرانے معالج سے بھی مشورہ کیا جائے ، مریض کومستقل آرام کی ضرورت ہے ۔ فاضل جسٹس نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کی سزا معطلی سے متعلق ایک درخواست پہلے بھی سماعت کے لئے مقرر ہے ،اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ ہی 18 فروری تک ملتوی کر دیتے ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ 18 فروری کی تاریخ بہت دور ہو جائے گی ، اس درخواست کو سماعت کے لئے جلد رکھیں ، ہم نے سزا معطلی کی پہلی درخواست واپس لینے کافیصلہ کیاہے ۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل بورڈ کیوں بنا، یہ بھی ایک سوال ہے ، دیکھنا چاہتے ہیں کہ درخواست کیا آئی اور بورڈ کس لئے بنا ہے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔ دریں اثنائمعلوم ہوا ہے کہ نیب نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی کی درخواست کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے ۔علاوہ ازیں نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کی پہلی درخواست واپس لینے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی گئی۔ متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے نواز شریف کی جانب سے سزا معطلی و ضمانت پر رہائی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر رکھا ہے اور آئندہ سماعت 18 فروری کو ہے ، اس دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت ناساز ہو گئی جس پر طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست دائر کرنا پڑی لہٰذا پہلی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کی جائے ۔