لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اہم پریس کانفرنس آج طلب کرلی، ذرائع کے مطابق انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔لاہور میں آج وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے اعلان کرکے قیاس آرائیوں کا خاتمہ کردیں گے ۔ اگر وہ خود استعفیٰ دیتے ہیں تو ورلڈ کپ کے بعد وہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ میں یہ عہدہ چھوڑنے والے پہلے اہم اور طاقتور شخص ہوں گے ۔ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ سلیکشن معاملات پر شریک رہنے اور پھر نجی دورے پر چیریٹی کے لئے فنڈز جمع کرنے والے چیف سلیکٹر انضمام الحق لاہور پہنچ گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو ڈھائی بجے انضمام الحق لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق اپنے مستقبل کے بارے میں پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے ۔ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی قومی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد ختم ہوگئی ہے ۔ پی سی بی نئی سلیکشن کمیٹی کے لئے نئے لوگوں کا تقرر کرنا چاہتی ہے ۔29جولائی کو پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس سے قبل انضمام الحق شکست کے اسباب پر بات کریں گے اور اپنے مستقبل کے بارے میں اعلان کریں گے ۔تین سال قبل انضمام الحق کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے دور میں پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے میں کارکردگی اچھی نہیں رہی جبکہ ان کی سلیکشن اور جانب داری پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بار بار بات کرتے رہے ہیں۔