کراچی(نمائندہ92نیوز)معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی خواہش تھی کہ میں کراچی والوں کے لئے بھی کچھ کروں جس پر میں نے اپنی مادرعلمی جامعہ کراچی میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بایوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ قائم کیا اورمجھے خوشی ہے کہ آج انسٹی ٹیوٹ میں کراچی سمیت پورے ملک طلبہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بایوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ(KIBGE) کے زیر اہتمام منعقدہ چارروزہ ونٹراسکول ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ تعلیم پر توجہ مرکوزرکھیں اور محنت کریں کسی کی بھی محنت رائیگاں نہیں جاتی ۔ یہاں سے ایم فل کرنے کے بعد بیرون ممالک جاکر پی ایچ ڈی اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ پوسٹ ڈاکٹریٹ کریں اور وطن واپس آکر ملک کی خدمت کریں اور جو سیکھا ہے وہ دوسروں کو منتقل کریں ۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر کی قیادت میں انسٹی ٹیوٹ ہذا ترقی کے منازل بہت تیزی سے طے کررہاہے ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تحقیق کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔میں محسن پاکستان معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کابیحد مشکور ہوں کہ جنہوں نے جامعہ کراچی کوKIBGE کاتحفہ دیا۔