لاہور ،اسلام آباد (خصوصی نمائندہ ،این این آئی، صباح نیوز )برطانوی شاہی جوڑا پاکستان کا تاریخی دورہ مکمل کر کے وطن واپس چلا گیا ،شاہی جوڑے کو نور خان ایئر بیس پر پاکستانی اعلی ٰ حکام ، برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو اور برطانوی ہائی کمیشن کے اہلکاروں نے رخصت کیا ۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چار روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے ، اس دوران انہوں نے اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات کے خوبصورت مقامات کی سیر کی، شاہی جوڑے نے مختلف تقریبات میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔اس دوران شاہی جوڑا پاکستان کے ثقافتی رنگوں میں نظر آیا جسے پاکستانی مداحوں نے خوب سراہا۔دورے پر برطانوی شاہی جوڑے نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان اور دیگر نامور شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں اور اسے خوش آئند قرار دیا۔ قبل ازیں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن جن کو موسم کی خرابی کی وجہ سے ایک رات لاہور میں قیام کرنا پڑی نے ایک دفعہ پھر ایس اوایس ویلیج کا دورہ ،لاوارث بچوں کے ساتھ ناشتہ کیا اور کچھ وقت گزارا جہاں سے وہ اسلام آباد گئے جبکہ سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے برطانوی شہزادی نے سفید رنگ کی روایتی شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی، یہ انٹرویو سی این این کے صحافی نے برطانوی شہزادی کے لاہور کے دورے کے دوران ایس او ایس ویلیج ہاؤس جانے سے قبل کیا۔انٹرویوز کے دوران برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کا دورہ پاکستان کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ بہت ہی شاندار اور خوشگوار دورہ تھا، ہم نے پاکستان کے مختلف مقامات کا دورہ کیا، یہاں پر بہت ساری چیزوں کے بارے میں بھی جانا، میرے لیے یہ بھی اعزاز کی بات ہے کہ میں نے دورے کے دوران کمیونٹی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا۔دریں اثناء خراب موسم کے باعث شاہی جوڑے کے طیارے کے گزشتہ روزکے اندرونی مناظرسامنے آگئے ،لاہورسے اسلام آبادجاتے ہوئے جہازبری طرح ہچکولے کھاتارہا،مسافرخوفزدہ ہوگئے ،شہزادہ ولیم نے مسافروں کے پاس جاکرخیریت دریافت کی،شہزادہ ولیم مسافروں کو تسلیاں دیتے رہے ۔