محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز سے الرٹ جاری کیاہے۔ جس کے تحت ہفتہ کے دوران سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ موسلا دھار بارش کے امکان کے باعث کراچی اور حیدر آباد میں آج اور کل اربن فلڈنگ اور بلوچستان اور کوہ سلمان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ جنوبی پنجاب بھی بارشوں سے متاثر ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں بھی تیز بارشوں کے باعث کراچی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ جس سے پورا نظام زندگی درہم برہم ہوا ہے اب جبکہ فوج کراچی میں صفائی کے لئے سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہے ایسے میں صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ کو اربن فلڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر ایسے انتظامات کرنے چاہئیں جس سے پانی شہر میں کھڑا نہ ہو۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ کوڑے کرکٹ کے تمام ڈھیروں کو ہٹایا جائے اور نالوں کی صفائی کی جائے‘ حکومت پنجاب کو بھی مون سون کی بارشوں کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں اس کے لئے ضروری ہے کہ شہر سے بارشی پانی نکالنے کے لئے ہیوی مشینری کو سٹینڈ بائی رکھا جائے نالوں کی صفائی کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور تمام ڈسپوزل سٹیشنز کے بلا تعطل آپریشن کو یقینی بنایا جائے جہاں جہاں کوڑے کے ڈھیر موجود ہیں انہیں فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔