لاہور،فیصل آباد(وقائع نگار،نمائندہ خصوصی، 92 نیوزرپورٹ)فیصل آباد ڈویژن میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبی سہولیات کے لحاظ سے پنجاب مثالی صوبہ بن چکا ۔پنجاب کے چھٹے ڈویژن فیصل آباد میں لانچنگ کے بعد 73 فیصد آبادی کو قومی صحت کارڈ میسر ہے اور مارچ تک پنجاب کے 100فیصد لوگوں کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ صوبے میں 8 مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور 78 نئی ہیلتھ فسیلٹیز بنا رہے ہیں۔صوبے بھر میں مجموعی طور پر 158 ہسپتالوں اور مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کی گئی۔عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت ریاست مدینہ کے قیام کی طرف پہلا قدم ہے ۔ شعبہ صحت پر جس طرح ہم نے توجہ دی، ماضی میں ایسے نہیں ہوتا تھا۔عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کا سفر وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جاری رہے گا۔بعدازاں انہوں نے انڈیا میں باحجاب خواتین کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر پابندی کی مذمت کی اور کہا کہ باحجاب مسکان خان نے ڈرنے نہیں ڈٹ جانے کا واضح پیغام دے کر انتہاپسندوں کے حوصلے پست کر دیئے ۔ بپھرے ہجوم کے سامنے نعرہ تکبیر لگانے والی باحجاب طالبہ کی جرأت کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے مریدکے میں جوتا ساز فیکٹری میں آتشزدگی سے مزدوروں کے جھلسنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کر لی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ صنعتکار سید عمر نذر شاہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔