کراچی(سٹاف رپورٹر) پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین کا غم آج بھی تازہ ہے ۔ بیوی اور 3 بچوں کو کھو دینے والے عارف اقبال فاروقی کی حالیہ پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کردیا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر عارف اقبال فاروقی نے اہلیہ اور بچوں کی قبروں کے کتبوں کی تصاویر شیئر کیں، جس پرجذباتی، پیار بھرے پیغامات تحریر ہیں، عارف اقبال نے اہلیہ کے کتبے پر لکھا کہ میری پیاری بیوی! میں ہمیشہ تمہاری یادوں کو زندہ رکھوں گا، مجھے اتنے پیارے بچوں کا تحفہ دینے کا شکریہ، ہمیشہ تم سے محبت کرتا رہوں گا۔ بیٹے اسماعیل فاروقی کے کتبے پر لکھامیرا پیارا بیٹا، جنت میں مزے لینا، تمہارے بابا ہمیشہ تم سے بے حد محبت کرتے رہیں گے ، میری جان۔ 13 سالہ بیٹی عنایہ کو آخری پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ میری پیاری بیٹی، جنت کے درختوں کے سائے تلے مطالعہ جاری رکھنا، تمہارے بابا تم سے پیار کرتے رہیں گے ، 5 سالہ بیٹی ایلین کی قبر پر لکھوایا کہ میری بیٹی جنت میں درختوں پر چڑھنا، لطف اندوز ہونا، تمہارے بابا تم سے بہت محبت کرتے رہیں گے ۔