راولپنڈی،اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی،این این آئی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے پی آئی اے کے سی ای او ا یئرمارشل ارشد ملک نے ملاقات کی اورپی آئی اے طیارہ حادثے کے بعداب تک کئے گئے ریلیف اقدامات پربریفنگ دی۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ طیارہ حادثہ عظیم سانحہ ہے جس پر پوری قوم سوگوار ہے ، طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ صدر مملکت نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے رابطہ کروں گا۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق ایئرمارشل ارشد ملک نے صدر مملکت کو میتوں کی حوالگی، لواحقین کو اب تک معاوضے کی ادائیگی پر بھی آگاہ کیا۔صدر مملکت نے سی ای او پی آئی اے سے لواحقین کے اہلخانہ کے رابطہ نمبر مانگے ، ذرائع کے مطابق صدر خود تمام اہلخانہ سے رابطہ کرکے تعزیت کرینگے ۔صدر عارف علوی نے سی ای او پی آئی اے کو ادارے کی بہتری سے متعلق مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ صدر مملکت نے سی ای او پی آئی اے کو میتوں کی حوالگی کیلئے انتظامات جلد مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت بھی کیں۔صدر نے پی آئی اے کی جانب سے طیارہ حادثہ کے بعد ریلیف اقدامات اور امدادی سرگرمیوں کو سراہا۔