اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سیاسی ریلو کٹے اب رائیونڈ سے آکسیجن لینے جاتے ہیں،اپوزیشن کے پاس دلیل نہ ہو تو وہ ذاتیات پر حملے کرتی ہے ،آج جمہوریت کے چیمپئنز نے پارلیمنٹ کو ڈھال بنایا، سپیکر کو چیمبر میں محصور کر کے جمہوریت کا مذاق اڑایا گیا، اقامہ ہولڈر خواجہ آصف پارلیمنٹ کے باہر کھڑے ہو کر وزرائکی کارکردگی بتارہے تھے ، خواجہ آصف نیب پہنچیں جو انھیں بلا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم تمام تر دبائو کے باوجود جھکنے والے ہیں اور نہ کوئی بیک ڈور کھولنے والے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان قوم کو مایوس نہیں کرینگے ،20کروڑ عوام کو عمران خان سے توقعات ہیں کیونکہ انکا دامن صاف ہے اور عوام کی خدمت کے جذبے سے دن رات کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا پیمرا کونئے چینلز کیلئے 187 درخواستیں موصول ہوئیں،پیمرا نے 11چینلز کو تعلیمی لائسنس دیئے ،کسانوں کے حوالے سے 2 ، سپورٹس چینلز کے 5 نئے لائسنس جاری کئے گئے ۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر چینلز کیخلاف 587مقدمات زیر سماعت ہیں،میڈیاکے مسائل کے حل کیلئے میڈیا ٹریبونل بنانے کیلئے سمری بھیجی جارہی ہے ،پیمرا کے سیکشن30اے میں ترمیم سے سوشل میڈیا کے مسائل حل ہونگے ۔فردوس عاشق نے کہا میڈیا کے حوالے سے پہلی ورکشاپ جولائی میں ہوگی۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے کہاوزیراعظم تمام تردبائو کے باوجود جھک نہیں رہا،بیرونی آقائوں سے فون کراکروزیراعظم کو جھکانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔فردوس عاشق نے کہا مریم نواز پہلے اپنی پارٹی میں گروپ بندی ختم کرا لیں، پہلے اپنی صفوں میں انتشار ختم کرائیں ، پھر حکومت گرائیں۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ کی منظوری آئینی تقاضہ اور ملکی ضرورت ہے ، اپوزیشن اس پر سیاست کر کے آئین کا راستہ روک رہی ہے ۔