اسلام آباد ، لاہور(سپیشل رپورٹر،خصوصی نمائندہ) تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا حکم دے دیا ۔قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب نے تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔رکن وصوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کو 15 جون کو اظہار وجوہ کا نوٹس دیا گیا تھا۔عظمیٰ کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت 1 ماہ کیلئے معطل کرتے ہوئے انہیں ذیلی کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی ۔عظمیٰ کاردار کے خاوند کی علالت کے پیش نظر 17 جون کی سماعت مؤخر کرکے 27 جون کو منعقد کی گئی۔تمام ثبوت و شواہد کے معائنے اور عظمیٰ کاردار کے مؤقف کو سننے کے بعد قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب قائل ہے کہ عظمیٰ کاردار نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، تحریک انصاف سکیڈ کے مطابق بطور رکن صوبائی اسمبلی بھی عظمیٰ کاردار کا رویہ نامناسب اور منصب کے شایانِ شان نہیں، چنانچہ عظمیٰ کاردار کی بنیادی جماعتی رکنیت ختم کی جاتی ہے ،عظمیٰ کاردار کسی پارلیمانی منصب کی بھی اہل نہیں۔ تحریک انصاف سکیڈ کے مطابق عظمیٰ کاردار قائمہ کمیٹی کے فیصلے کو 7 روز میں تحریک انصاف کی ایپلٹ کمیٹی کے روبرو چیلنج کرنے کی مجاز ہوں گی ۔