اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عابد ساقی بلا مقابلہ وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل منتخب ہو گئے ہیں۔گزشتہ روز اٹارنی جنرل کی سربراہی میں پاکستان بار کونسل کا اجلاس ہوا جس میں عابد ساقی کو بلا مقابلہ نیا وائس چیئر مین چن لیا گیا۔عابد ساقی نے آئندہ ایک سال کے لئے بطور وائس چیئر مین پاکستان بار کونسل ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سابق وائس چیئر مین امجد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وکیل کرنل ریٹائر انعام الرحیم کی گرفتاری کی مذمت کی جبکہ غداری کیس کے لئے قائم خصوصی بینچ کے بارے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا اور فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔ سید امجد شاہ نے کہا کہ عابد ساقی آج سے ہمارے سربراہ ہونگے اوراداروں کی مضبوطی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ عابد ساقی نے کہا اس پورے سال میں ہم عوام کو تکلیف پہنچانے والی کوئی ہڑتال نہیں کریں گے ۔