لاہور،فیصل آباد،کراچی(نامہ نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آبا د کے حلقے این اے 108 سے ن لیگ کے امیدوار عابد شیر علی کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے جس کے پی ٹی آئی کے امیدوار فرخ حبیب کامیاب قرارپائے ہیں۔ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی امید وار فردوس عاشق اعوان کی سیالکوٹ کے حلقہ این اے 72 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی۔انہوں نے سلم لیگ نون کے امیدوار چودھری ارمغان کی کامیابی اور نتائج کو چیلنج کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے حلقہ این اے 126 میں دوبارہ گنتی کیلئے مسلم لیگ ن کے امید وارمہر اشتیاق کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔ این اے 131 کے ریٹرنگ آفیسر نے حلقہ کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی روکنے کیلئے تحریک انصاف کے رہنماء شعیب صدیقی کی درخواست کو مسترد کر دی جس کے بعد شعیب صدیقی نے فیصلے کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیلنج کر دیا ۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو آج طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صوبائی حلقے پی پی 123 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کیلئے درخواست پر ریٹرننگ افسر سے مکمل ریکارڈ طلب کر لیا اور کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حکم میں توسیع کر دی ۔ ادھر این اے 131 میں دوبارہ گنتی کیلئے ووٹوں سے بھرے تھیلے الیکشن کمیشن آفس سے سیشن کورٹ پہنچا دئیے گئے ہیں جہاں گنتی کو آج صبح تک ملتوی کیا گیا ہے ۔دوبارہ گنتی پاک فوج کے جوانوں کی نگرانی میں ہو رہی ہے ۔ گزشتہ روز ووٹوں کے 5 تھیلوں کی دوبارہ گنتی کی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے این اے 114 سے سید مخدوم فیصل صالح حیات کی دوبارہ گنتی کی درخواست الیکشن کمیشن کو فیصلے کیلئے بجھوا دی ہے اور ہدایت کی کہ قانون کے مطابق درخواستگزار کا موقف سن کر فیصلہ کیا جائے ۔ درخوست میں تمام پولنگ سٹیشنز کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ نے نومنتخب لیگی ا یم این اے رانا ثنا اﷲ کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ۔ سندھ ہائیکورٹ نے این اے 250 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست پر کامیاب امیدوارعطا ئاﷲ، چیف الیکشن کمیشن، ڈپٹی اٹارنی جنرل، ریٹرننگ افسر و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9 اگست کو جواب طلب کرلیا۔