اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حافظ سعید کو ایف اے ٹی ایف کی وجہ سے نہیں بلکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت گرفتار کیا گیا ،گرفتاری کا گرے لسٹ سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم امریکہ میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑنے گئے ،وزیراعظم ماضی کے حکمرانوں کی طرح جیب سے پرچی نکال کر نہیں پڑھیں گے ۔یہاں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا وزیراعظم نے سادگی کی مثال قائم کرتے ہوئے کمرشل فلائٹ پر امریکہ کا سفر کیا،اس سے پہلے حکمران سارے اہل خانہ سمیت777جہازوں پر امریکہ جاتے رہے ۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا مریم نواز صاحبہ! عوام کو دھوکہ دینا اور جھوٹ بولنا آپ کی جماعت کا وتیرہ رہا،اب عوام کوگمراہ کرنے کے لیے جھوٹاپروپیگنڈا کیاجارہاہے ، ایک ویڈیو کے حوالے سے پنجاب فرانزک لیب کے ڈی جی کے حوالے سے جھوٹی خبریں چلوائی گئیں، ویڈیو معاملہ سپریم کورٹ میں ہے ،16سال پرانی ویڈیو سے متعلق اصل حقائق ایف آئی اے عدالت میں پیش کریگی،پنجاب فرانزک لیبارٹری صرف پوسٹ مارٹم اور انسانی اعضا کے ٹیسٹ کرتی ہے ،ویڈیو کے حوالے سے چلائی جانیوالی بے بنیاد خبروں کی مذمت کرتی ہوں، فرانزک لیبارٹری کو ویڈیو بھیجی نہیں گئی تو وہ رپورٹ کس چیز کی ہے ۔ انہوں نے کہا قبائلی عوام نے ووٹ کی خوشبو سے بارود کی بو ختم کردی، امن کی جیت ہوئی ہے ، یہ جیت پاکستان کی ہے ۔انہوں نے کہااحسن اقبال سرحدی علاقے میں سپورٹس سٹیڈیم بنانے میں مصروف رہے ،منصوبے میں اربوں روپے کے اخراجات میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی۔قبل ازیں ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا فضل الرحمن سیاسی میدان کے 12ویں کھلاڑی اور خود پارلیمان سے باہر ہیں چیئرمین سینیٹ کیا تبدیل کریں گے ، کرپشن کے سمندر میں غوطے کھانے والی ن لیگ اپنے اعمال کے بھنور میں پھنس چکی ہے ، موروثی سیاسی گھرانوں کی سیاست ڈوب رہی ہے ،پاکستان میں ادارے بااختیار ہوگئے اور مافیا کے چنگل سے قانون آزاد ہو چکا ہے ۔ اے پی پی کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان صاحبہ!عمران خان کے بغض میں حقائق کو مسخ نہ کریں۔انہوں نے کہا جنرل کیانی نے یوسف رضا گیلانی کیساتھ امریکہ کا دورہ کیا تھا،جنرل راحیل دورہ سعودیہ میں آپ کے والد کیساتھ تھے ، اسی طرح جنرل قمر جاوید باجوہ اور شاہد خاقان عباسی نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔کیا یہ تینوں وزرائے اعظم سلیکٹڈ تھے ۔