لاہور،پشاور،صوابی، شیخو پورہ ، ساہیوال ، سیالکوٹ(سپیشل رپورٹر ،نیوز رپورٹر،،ڈسٹرکٹ رپورٹرز)گھریلو جھگڑوں ودیگر واقعات میں 10 افراد مارے گئے ،تفصیلات کے مطابق ریحان پورہ مریدکے کے رہائشی 19 سالہ ثقلین کی شادی 5 اگست کو غازی آباد کی رہائشی رمشا مصطفی کے ساتھ ہوئی،دلہا ثقلین عباس کے والد دلیل عباس کے مطابق وہ اپنے گھر والوں اور عزیزواقارب کے ہمراہ غازی آباد مکلاوہ لینے کے لئے گئے ، واپسی پر چوبچہ پھاٹک کے قریب پہنچے ، بیجنگ انڈرپاس کے قریب دو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے موٹر سائیکل رکشہ پر سوار فیملی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجہ میں دولہا ثقلین موقع پر جاں بحق جبکہ اس کے بھائی حسین اور بہن علیشا زخمی ہوگئے ، مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہو رمشا کے کسی کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے جس بنا پر اس کے بیٹے کو ناحق قتل کیا گیا، جس پر پولیس کی تفتیشی ٹیم نے چند ہی گھنٹوں بعد ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا،گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم شاہ میر اور ساتھی عثمان عرف کدو شامل ہیں ،ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم شاہ میر نے عشق میں ناکامی پر طیش میں آکر رکشہ میں سوار دولہا ثقلین عباس کو قتل کیا۔شاہدرہ ٹاون کے علاقے جاوید پارک میں نامعلوم افراد نے گھرمیں گھس کر 22 سالہ نورین کو ذبح کر کے قتل کردیا ،پولیس تحقیقات میں مشکوک بیانات پرمقتولہ نورین کے شوہر کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا گیا ہے ۔بادامی باغ کے علاقہ میں 30 سالہ آسمہ کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی، مقتولہ آسمہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکی،، پولیس کے مطابق مقتولہ کا پوسٹ مارٹم کروا لیا گیا ہے ، رپورٹ آنے کے بعد کاروائی عمل میں لائی جائے گئی ۔شاہدرہ کے علاقہ سے 50 سالہ نا معلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے ،پولیس کا کہناہے کہ متوفی نشے کا عادی لگتا ہے ، نشہ کی زیادتی کی وجہ سے ہلاکت ہوئی ،حیدر علی جمیل ٹاؤن لیاقت چوک سبزہ زار کا رہائشی تھاجو واشنگ مشین سے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوا۔ متوفی حیدر علی اپنے سسرال میں رہائش پذیر تھا ۔صوابی کے علاقے زیدہ میں ملزم گھریلو تنازع پر طیش میں آ گیا اور فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اس کے والد، نانا اور ماموں جاں بحق ہو گئے ، پولیس کے مطابق ملزم تینوں افراد کو قتل کر کے فرار ہو گیا۔شیخو پورہ تھانہ صدر کے علاقہ گوجرانوالہ روڑ ہردیو گاؤں میں زمین کے تنازعے پر مخالفین کی فائرنگ سے ایک شخص نصیر احمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ لاہور روڈ پر قلعہ ستار شاہ کے قریب بجلی کے پینل میں کام کے دوران الیکٹرک شارٹ سرکٹ سے دھماکہ ہو گیا،جس کے نتیجہ میں 4مزدور شدید زخمی ہو گئے ،ساہیوال میں 61 /5ایل کا واپڈا کا لائن میں وزیر دوران ڈیوٹی کھمبے سے گرکرجاں بحق ہو گیا۔پشاور کے علاقے ٹھنڈا کھوئی میں کبیر نامی شخص کے گھر میں آ تشزدگی سے تین افراد جھلس کر زخمی جبکہ 2موقع پر جاں بحق ہوگئے ، ریسکیو1122 ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق آگ تین منزلہ عمارت میں لگی تھی جس کے نیچے جوتوں کا گودام تھا ،ریسکیو1122 کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے ۔