اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سی پیک اتھارٹی کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک امور تعینات کر دیا ۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک تعینات کرنے کی منظوری دی ہے ، خالد منصور خوش آمدید اور اللہ آپکا حامی و ناصر ہو۔عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا سی پیک اتھارٹی کی اہم زمہ داریاں ادا کرنے پر اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں،سی پیک کے تحت تمام منصوبوں کے مستقبل کی سمت طے کردی۔انہوں نے کہاوزیر اعظم اور حکومت کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا، سی پیک کا اپنی منزل کی جانب سفر رواں دواں رہے گا۔عاصم سلیم باجوہ نے معاون خصوصی خالد منصور کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا سی پیک پاکستان کی لائف لائن ہے ۔خالدمنصورنے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملکی ترقی سی پیک سے جڑی ہے ،عاصم سلیم باجوہ نے بہت اچھاکام کیا،جوپلیٹ فارم انہوں نے ترتیب دیا،اسی کوآگے لے کرچلیں گے ۔انہوں نے کہا بہت شکرگزارہوں کہ وزیراعظم نے اعتمادکیا،ہماری حتی المقدورکوشش ہوگی کہ انکی توقعات پرپورااتریں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پر لکھا کہ میں سی پیک کو آگے بڑھانے اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں منتقلی کے ساتھ اہم منصوبے کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں کردار ادا کرنے پر عاصم سلیم باجوہ کا شکر گزار ہوں، ان کی لگن اور عزم بڑی طاقت اور حمایت کا ذریعہ تھی۔انہوں نے کہا خالد منصور کو سی پیک امور کا معاون خصوصی بننے پر خوش آمدید کہتا ہوں، خالد منصور کارپوریٹ تجربہ کار، چینی کمپنیوں کے ساتھ سی پیک کے بڑے منصوبوں پر براہ راست شامل رہے ہیں، سی پیک کو آگے لے کر جانے میں ان کا وسیع تجربہ کار مدد گار ثابت ہو گا۔