لاہور،اسلام آباد،ملتان،کراچی،حیدر آباد ، سکھر (نامہ نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ،خبر نگار، نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،بیورو رپورٹ)سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کے الیکشن میں عاصمہ جہانگیرگروپ کے احسن بھون صدرجبکہ وسیم ممتاز ملک سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔ احسن بھون نے حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار لطیف کھوسہ کو شکست دی۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق احسن بھون نے ملک بھر سے 1548ووٹ جبکہ لطیف کھوسہ نے 920ووٹ حاصل کئے ۔نائب صدر پنجاب کے عہدہ پر خاور اکرام بھٹی کامیاب قرار پائے ۔سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ الیکشن کیلئے ووٹنگ صبح آٹھ بجے سے شام 5بجے تک جاری رہی۔ملتان میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ کاسٹ کئے گئے ۔جیت کی خوشی میں حامی وکلا نے بھنگڑے ڈالے ،مٹھائیاں تقسیم کیں اورایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے ۔الیکشن کے حتمی نتائج کااعلان 3نومبر کواسلام آباد میں ہوگا۔جیت کے بعد نومنتخب صدر احسن بھون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاآئین اورقانون کی بالادستی کے لئے آخری حد تک جائیں گے ،جمہوریت اورجمہوری طاقتوں کے ساتھ ہیں، کسی طالع آزما کومسلط نہیں ہونے دیں گے ، وکلاء کی فلاح بہبود اولین فریضہ ہے ۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ملک بھر میں تقریبا3151 ووٹرز ہیں۔انتخابات کے لئے لاہور، اسلام آباد،راولپنڈی ،کراچی،حیدر آباد ،سکھر،کوئٹہ،ڈیرہ اسماعیل خان،پشاور،ایبٹ آباد،ملتان،بہاولپور میں مجموعی طور پر13 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ انتخابات کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔