اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیاہے کہ افغانستان سے امریکی انخلا کی صورت میں یہ معاملہ جوں کا توں رہ جائے گا، کہتے ہیں پی ٹی آئی، ن لیگ یا پیپلزپارٹی کی حکومت ہو سب نے اس سلسلے میں صرف وعدے کیے ہیں،نوازشریف، عمران خان، آصف زرداری اپنے دور حکومت میں امریکہ گئے لیکن اس سلسلے میں کسی نے کوئی بات نہیں کی، حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہئے ،امریکی صدر کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،عافیہ کی رہائی کے لیے وکلا کی مشاورت سے جماعت اسلامی عالمی عدالت انصاف سے رجوح کرے گی، منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھاکہ 18 سال بیت گئے ڈاکٹر عافیہ صدیقی امریکی قید میں ہے ، امریکی متعصب جج بھی اپنے فیصلے پر طنز کرتے رہے ، عمران خان نے کہا تھا اگر اقتدار مل گیا تو امریکی صدر سے عافیہ کی رہائی کی بات کروں گا،مشرف نے اپنی کتاب میں خود لکھا کہ ہم نے عافیہ کو امریکہ کے حوالے کیا ، مطالبہ کرتا ہوں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرکے پاکستان بھیجا جائے ،کراچی سے چترال تک پوری قوم چاہتی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو پاکستان منتقل کیا جائے ، جو کچھ آجکل پاکستان ہورہا ہے وہ غلط ہورہا ہے ،گزشتہ رات یتیم خانہ چوک پر زخمیوں کی عیادت کی،بدقسمتی سے حکومت نے مسئلے کو حل کرنے کی بجائے الجھایا ہے ، یہ حکومت ہمیشہ کچھ نہ کچھ غلط کرتی پھر یوٹرن لے لیتی ہے ۔