غزہ،جدہ (صباح نیوز،این این آئی) اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ فلسطین پر اسرائیلی ڈاکہ روکے جبکہ وزیر اعظم نیتن یاہونے کہا ہے صدی منصوبہ کے حوالے سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔یہودیوں نے قبلہ اول پر پھر دھاوا بول دیا کئی مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں جبکہ امسال صہیونی فورسز نے غزہ پٹی پر 532سرحدی خلاف ورزیاں تاحال کورونا سے ہلاکتیں 22ہوگئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسلامی کانفرنس نے عالمی برادری اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی اراضی پر اسرائیلی ریاست کی ڈاکہ زنی رو کے ،مشرق وسطیٰ میں عالمی برادری کی زیرنگرانی امن مواقع کے حصول کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف بن العثیمین کی جانب سے سلامتی کونسل کے رکن ممالک کو مکتوب بھی ارسال کیا گیا ہے ۔گزشتہ روز یہودی طلبا سمیت درجنوں یہودی آباد کاروں نے فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصی میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔