مکرمی !نبی مکرم ﷺ کی حیات مبارکہ بعثت سے لے کر وصال تک جامعیت و اکملیت کا اعلیٰ نمونہ ہے۔زندگی کا ہر پہلو چاہے سیاسی ہو یا سماجی ، معاشی ہو یا معاشرتی،تعلیمی ہو یا ثقافتی۔ حتیٰ کہ خانگی معاملات میںبھی آپﷺ کی شخصیت علم و عمل کی آئینہ دار اور بے نظیرو بے مثال ہے۔ بلا شبہ آپﷺ عالمین کے لیے سراپا رحمت اور آپﷺ کی حیات مبارکہ تمام انسانوں کے لیے بہترین نمونہ ہے۔شانِ مصطفی ﷺ ایک ایسا موضوع ہے کہ جس پر لکھنے کے لیے کائنات میں موجود درختوں کو کاٹ کر قلمیں بنا لی جائیں اور تما م سمندروں کا پانی سیاہی بن جائے تب بھی ذکر مصطفیٰ ﷺ کا ایک باب بھی مکمل نہ ہو گا۔ثنائے محبوب کِبریا ایک ایسا وصف ہے کہ جس کو بھی مل جائے اس کا مقدر جاگ اُٹھتا ہے خاکی زبان کو یارا نہیں کہ وہ صاحب ِلولاکﷺ کے صفات و کمالات کا اظہا ر کر سکے اور نہ ہی قلم میں اتنی طاقت ہے کہ وہ شانِ شاہِ اُممﷺ کا احاطہ کر سکے۔ (اجمل بھٹی ٹیکسلاراولپنڈی)