اسلام آباد (خبر نگار خصوصی،وقائع نگار خصوصی ،نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے خطاب میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل یو این اور عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ملکوں کو قرضوں پر ریلیف دیں، کورونا پوری دنیاکیلئے چیلنج ہے اور ڈر ہے کہ ترقی پذیر ممالک کے لوگ کہیں بھوک سے ہی نہ مرجائیں ۔لوگ ایک طرف کورونا ، دوسری طرف بھوک سے مررہے ہیں ، کورونا وائرس سے متعلق ترقی یافتہ ممالک کا رد عمل مختلف ہے ۔مہلک وبا سے نمٹنے کیلئے پوری دنیاکوملکرکام کرناہوگا۔عالمی ادارے اوررہنما صورتحال سے نکلنے کیلئے لائحہ عمل اورپروگرام تشکیل دیں۔انہوں نے کہا کہ میں عالمی برادری سے کوروناکے غیرمعمولی چیلنج پربات کرناچاہتاہوں۔ ترقی پذیر ملکوں میں لاک ڈائون کی وجہ سے بھوک کے مسائل سے بھی نمٹناہے ۔ترقی یافتہ ملکوں میں کورونا کو وائرس کی روک تھام اور معیشت سے نمٹنا زیادہ آسان ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو مسئلہ پاکستان کو درپیش ہے وہی مسئلہ ترقی پذیر ملکوں کو بھی ہے ، امریکہ ،جرمنی دیگر ملکوں نے کئی ٹریلین ڈالر کے پیکیج دیئے ہیں ،ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں کہ صحت پر خرچ کرسکیں۔پاکستان میں ہم 8ارب ڈالر تک کا پیکیج فراہم کرسکے ہیں۔ ہمارے پاس دبائو کے شکار ہیلتھ سیکٹر پر خرچ کرنے کیلئے رقم کی کمی ہے ۔قبل ازیںوزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا جس میں خسرو بختیار، اسد عمر، اعجاز شاہ، عمر ایوب، حماد اظہر، سید فخر امام، عبدالرزاق داؤد، معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ظفر اللہ مرزا شہزاد اکبر، تانیہ ایدرس،فوکل پرسن برائے کوویڈ ڈاکٹر فیصل، چیئرمین این ڈی ایم اے اور سینئر افسران شریک ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور روک تھام کے اقدامات پر غور کیا گیا۔صنعتوں اور معاشی سرگرمیوں کی روانی کے حوالے سے حکمت عملی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ وزیراعظم آج اہم فیصلوں کااعلان کر ینگے جبکہ این سی سی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پرگزشتہ 24گھنٹے بھاری گزرے ہیں۔عوام نے احتیاطی تدابیرکاخیال نہ رکھاتوحالات قابوسے باہرہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہااین95ماسک کاغلط استعمال کیاجارہاہے ۔مستقبل میں اموات کی شرح بڑھ سکتی ہے ۔ ادھر وزیر اعظم سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی اورانہیں بزنس کمیونٹی کیلئے معاشی پیکیج ،احساس کیش ٹرانسفر پروگرام اور دیگر امور پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران مشیر خزانہ نے وزیر اعظم کو جامع معاشی پیکیج پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔