اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک کی سماجی و معاشی ترقی کے لئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں پاکستان اور عالمی بینک کیدرمیان توانائی سے متعلق ایک ارب 15 کروڑ ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر کہی۔وزیر اعظم آفس کے مطابق دونوں معاہدے خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں سے متعلق ہیں۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا میں ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے منصوبوں پر 45 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی۔ داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے فیز پر لاگت کا تخمینہ 70 کروڑ ڈالر ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹرکشن و ڈیویلپمنٹ کا ہفتہ وار اجلاس ہوا۔اجلاس کو چیئرمین ایف بی آر نے آن لائن رجسٹریشن سسٹم اور آگاہی سیمینار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو پورٹل کام کر رہا ہے جس کے تحت سندھ میں 19 منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ، 75 منصوبوں کے لئے این او سی جاری کئے جاچکے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ میں ہاؤسنگ اور کنسٹرکشن کے منصوبوں کی کل سرمایہ کاری 83 ارب تک پہنچ چکی ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اجازت نامے مہیا کرنے کے عمل کو شفاف، آسان اور کم مدت بنایا جائے ۔وزیراعظم کے زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے سیاحت کا بھی اجلاس ہوا۔وزیر اعظم نے کہا سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہی پاکستان کے نرم امیج کی تصویر کشی کی جاسکتی ہے ۔وزیر اعظم نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کاروباری طبقے اور صنعتکاروں کو سہولیات مہیا کرنے کے لئے پر عزم ہے اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ، ملکی صنعت کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور برآمدات سے زر مبادلہ حاصل ہوگا ۔وزیر اعظم نے انڈسٹری اور یونیورسٹیوں کے درمیان ریسرچ و ٹریننگ کے حوالے سے روابط قائم کرنے پر زور دیا تاکہ نوجوانوں کو فنی مہارت حاصل ہوسکے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے مشیرپارلیمانی امور بابر اعوان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا منی لانڈررز نے معیشت برباد کی، ہم نے سنبھالا دیا، قومی دولت چرانے والے این آر او کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارے قوم کو پیارے ہیں،پاکستان کو استحکام کی راہ پر ڈال دیا۔ مزیدبرآں وزیراعظم عمران خان نے پشاورموڑپناہ گاہ کادورہ کیا اور سہولتوں کاجائزہ لیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ غیرمعیاری پناہ گاہوں کوبند نہ کیاجائے ،ان کامعیاربڑھایاجائے ،پناہ گاہوں کوبندکرنے سے لوگ فٹ پاتھ پرآجائیں گے ۔وزیراعظم نے کہاایسی پناہ گاہیں جہاں لوگوں کی آمدورفت کم ہو،انہیں بندکر دیا جائے اورایسی جگہ پناہ گاہ بنائی جائے جہاں لوگ زیادہ ہوں۔دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہ میں موجودافرادکیساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔وزیراعظم نے پناہ گاہ میں کام کرنے والی ٹیم کیساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ خوشی ہے بیرون ملک مقیم پاکستانی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے فائدہ اٹھارہے ہیں، آج کی تاریخ تک21ہزاراوورسیزپاکستانیوں نے اپنے اکاؤنٹ بنا لئے ، ان اکاؤنٹس کے ذریعے 2کروڑ40لاکھ ڈالرکی رقم موصول ہوئی ۔