لاہور(کامرس رپورٹر)دبئی ایکسپو پاکستان پویلین میں پنجاب ایز کی ٹیم میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ،صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پویلین میں نومبر ماہ پنجاب کے طور پر منایاجارہاہے ،دبئی ایکسپو کے دوران عالمی سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ 30 مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوں گے اور معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں خصوصی سیل بنایاجائے گا ،انہو ں نے کہاکہ دبئی ایکسپو میں 20 سیمینار کا پلان تھا مگر اب 40 سیمینار منعقد کئے جارہے ہیں ،دستاویزی فلموں کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سرمایہ کاری پوٹینشل سے آگاہی دی جارہی ہے ، وزیراعلیٰ نے تین ماہ قبل دبئی ایکسپو میں پنجاب حکومت کی شرکت کی ذمہ داری سونپی ،پنجاب کے چالیس محکموں میں سے دبئی ایکسپو میں شرکت کیلئے سرکاری محکموں کا چناؤ کیاگیا ،انہو ں نے کہاکہ نیوسٹارٹ اپس کو دبئی ایکسپو میں بھرپور طریقے سے شوکیس کیاگیا ہے ،صوبائی وزیر نے سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر واصف خورشید اور سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر ارفع اقبال کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری صنعت و تجارت اور سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ او ران کی ٹیم نے اپنی ذمہ داریوں کو بھر پور طریقے سے نبھایا ہے ،صوبائی وزیر نے پنجاب ایز کی ٹیم میں تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔