اسلام آباد، دی ہیگ (این این آئی)عالمی عدالت انصاف میں پاکستا ن میں گرفتار بھارتی جاسوس اور دہشت گردی میں ملوث را کے ایجنٹ کلبھوشن جھادیو کے کیس کی سماعت آج سے شروع ہوگی۔ پہلے دن بھارت دلائل کا آغاز کرے گا، انیس فروری کو پاکستان کی طرف سے جواب دیا جائے گا۔ عالمی عدالت سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ تین سے چار ماہ تک سنائے گی۔ پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد نمائندگی کیلئے ہیگ پہنچ چکا ہے جس کی قیادت اٹارنی جنرل آف پاکستان کریں گے ۔ دفتر خارجہ، وزارت قانون کے نمائندے بھی وفد میں شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی عالمی عدالت میں ایڈہاک جج کے فرائض سرانجام دیں گے ۔