کولمبو(سپورٹس ڈیسک) سری لنکن ٹیم کے اوپنر دانوشکا گونا تھیلاکا نے دورہ پاکستان میں سری لنکا کو بی ٹیم کہنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ٹی ٹونٹی میں دنیا کی نمبر ایک ٹیم کو شکست دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ٹیم کسی طور پر بھی لنکن بی ٹیم نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کوشال پریرا زخمی تھے اینجلو میتھیوز آخری ٹی ٹونٹی کا حصہ نہیں تھے صرف ڈکویلا اور ملنگا ہی ایسے دو کھلاڑی تھے جو پاکستان نہیں آئے باقی سری لنکا کا وہی سکواڈ تھا جو انٹرنیشنل میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کرتا ہے ۔ کرکٹ انفو کو دیئے جانیوالے اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو پاکستان جانے یا نہ جانے کے فیصلے کا پورا اختیار دیا تھا ۔پاک سری لنکا سیریز کے ٹاپ سکورر نے کہا کہ دورہ پاکستان سے سری لنکا کا نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے ۔پاکستان میں مہمان نوازی پر خوش ہیں تا ہم پانچ روزہ ٹیسٹ کھیلنا مشکل ہوگا کیونکہ ایک کھلاڑی پانچ دن بغیر کسی آزادی کے ہوٹل سے گرائونڈ اور پھرگرائونڈ سے ہوٹل کرکٹر کو بور کر دے گا۔