اسلام آباد(نیوزرپورٹر)عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جھادیو کیس کا فیصلہ آج شام 7بجے سنایاجائے گافیصلہ21 فروری کو محفوظ کیا گیا تھا۔پاکستان کااعلیٰ سطحی وفد ہیگ پہنچ گیا،وفد کی قیادت اٹارنی جنرل انور منصورخان کر رہے ہیں جبکہ وزارت خارجہ میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سارک ڈاکٹر فیصل بھی وفد کا حصہ ہیں۔پاکستان میں بھارتی دہشتگرد نیٹ ورک کا سرغنہ، سینکڑوں پاکستانیوں کا قاتل، بھارتی خفیہ ایجنسی را کا جاسوس اور بھارتی بحریہ کا حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن سدھیر جھادیو 3 مارچ 2016 کو پاک، ایران سرحدی علاقے سے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا۔را کے ایجنٹ کیخلاف 8 اپریل 2016 کو ایف آئی آر درج ہوئی ۔ اپنے جرائم کا اعتراف کرنے پر 10 اپریل 2016 کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت اسے سزائے موت سنائی گئی۔ بھارتی دہشتگرد آرمی چیف سے رحم کی اپیل کر چکا ہے جس پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تاہم بھارتی جاسوس کے پاس سپریم کورٹ اور صدر مملکت سے اپیل کا حق ابھی موجود ہے ۔بھارت نے مئی 2017 کو اپنے دہشتگرد، جاسوس اور حاضر سروس کمانڈر کلبھوشن سے متعلق عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا تھا۔