لاہور( حافظ فیض احمد)ملک بھر میں عام فیس پر پاسپورٹ کا اجرا تاخیر کا شکار ہونے پرہزاروں شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق عید اورعاشورہ کی چھٹیوں کی وجہ سے پاسپورٹ کی تیاری بیک لاگ کا شکار ہوئی۔کئی افراد دور دراز علاقوں سے جب عام فیس پر پاسپورٹ لینے کیلئے دفاترآتے ہیں تو انہیں مزید ایک ہفتے کی تاریخ دیدی جاتی ہے جس پر وہ مایوس ہوکر واپس لوٹ جاتے ہیں۔تاہم 5ہزار روپے پر ارجنٹ فیس پر پاسپورٹ بر وقت تیار کرکے فراہم کئے جارہے ہیں۔لاہورمیں پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون میں روزانہ کی بنیاد پر 1200 سے زائد افراد پاسپورٹ کے حصول کیلئے آتے ہیں، اسی طرح شاد مان آفس میں روزانہ700سے 800تک ، شاہدرہ پاسپورٹ آفس میں350سے زائد،پاسپورٹ آفس رائیونڈ روڈ، ہائیکورٹ آفس اور ڈیفنس پاسپورٹ آفس میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ روزانہ کی بنیاد پر پاسپورٹ کیلئے آتے ہیں۔ عام فیس پر پاسپورٹ2ہفتے کے بعد تیار کر کے دیئے جاتے ہیں جبکہ ارجنٹ فیس پر پاسپورٹ5ورکنگ دنوں میں شہریوں کو مل جاتے ہیں۔ متعلقہ حکام نے عام فیس پرپاسپورٹ کی بر وقت ترسیل کیلئے ہفتہ کی چھٹی ختم کر کے پاسپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ اس پر عملدرآمدکرتے ہوئے اسلام آباد پاسپورٹ ہیڈ آفس میں ہفتہ کے روز بھی کام کیا گیا۔ جب اس حوالے سے ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پنجاب فیاض حسین سے بات کی گئی تو انہوں نے روز نامہ92نیوز کو بتایا کہ آئندہ چند روز میں پاسپورٹ کی تیاری روٹین پر آ جائیگی اور شہریوں کو مقررہ تاریخ پر پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہو جائیگا ۔