کراچی(سٹاف رپورٹر)برصغیرکے ممتازروحانی پیشواسیدعبداللہ شاہ غازی کا1289 واں 3روزہ عرس آج سے شروع ہورہاہے ۔گورنرسندھ عمران اسماعیل عرس کی تقریبات کاباضابطہ افتتاح کریں گے ۔میئرکراچی نے عرس کے آخری روز24اگست کو مقامی سطح پرتعطیل کااعلان کردیاہے ۔عبداللہ شاہ غازی کے عرس میں شرکت کیلئے ملک بھرسے زائرین کی آمدکاسلسلہ جاری ہے ،کراچی انتظامیہ نے عرس کے موقع پرسخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔پولیس اوررینجرزکے جوانوں کومختلف مقامات پرتعینات کیاگیاہے جو3مختلف مراحل میں زائرین کی تلاشی پرمامور ہیں،مزارکے دونوں اطراف ٹرانسپورٹ کوبندکردیا گیاہے اورزائرین کوپیدل مزارپرجانے کی اجازت ہوگی۔جمعرات کومحفل سماع کاآغازبعدنمازعصرہوگاجس میں ملک بھرکے نامورقوال حضرات شرکت کرینگے ۔زائرین کی سہولت کیلئے دودھ،شربت اورپانی کی سبیلیں لگادی گئی ہیں جبکہ محکمہ اوقاف کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگایاگیاہے ۔