ملتان(جنرل رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے جبکہ اپنے ڈیبیو میچ میں نوجوان بیٹسمین عبد اللہ شفیق کی سنچری اور اور وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی نصف سنچری کی طوفانی اننگز کی بدولت سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کیخلاف رنز کا کوہ ہمالیہ سر کر لیا۔ فاتح ٹیم نے 201 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر19 اوورز میں حاصل کر لیا۔ سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے ۔ شان مسعود اور صہیب مقصود نے 51،51رنز بنائے ۔201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق کی طوفانی سنچری کی بدولت سنٹرل پنجاب نے 201 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا ۔ عبداللہ شفیق نے 102 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کامران اکمل 75 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ عامر یامین نے دو آئوٹ کئے ۔ عبداللہ شفیق قومی فرسٹ کلاس کرکٹ کے اپنے پہلے چار روزہ میچ اور ٹی ٹونٹی ڈیبیو پر سنچریاں سکور کرنیوالے پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں ۔ انہوں نے سدرن پنجاب کے خلاف مین آف دی میچ ایوارڈ کو مرحوم کوچ کے نام کیا ہے ۔ ٹورنامنٹ کی مزید خبریں صفحہ 7 پر ملاحظہ فرمائیں۔