کراچی (سپورٹس رپورٹر) بابل سپورٹس فٹبال کلب نوالین لیاری کے زیر اہتمام جاری آل کراچی شہید عبدالخالق بلوچ یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں دو میچز کا فیصلہ ہوگیا ۔ینگ کھڈ بستی اور لسبیلہ سپورٹس کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ اور سنسنی خیز میچ مقررہ وقت میں 0-0 سے برابری کے بعد پنالٹی ککس پر ینگ کھڈ بستی نے 8-7 سے جیت کو گلے لگا کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔میچ کے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف سبقت حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم دونوں ٹیموں کے سٹرائیکرز ناکامی سے دوچار ہوئے ۔ریفری کی اختتامی وسل تک سکور 0۔0 سے برابر رہا ۔پنالٹی ککس کے ذریعے ینگ کھڈ بستی نے 8-7 سے میچ جیت کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا ۔دوسرا میچ ینگ رشید آباد اور شفیع الیون ملیر کے درمیان ہوا جو کہ یکطرفہ ثابت ہوا۔ شفیع الیون ملیر نے 3-0 سے جیت کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ۔شفیع الیون ملیر کی جانب سے ثناء اللہ نے ساتویں اور 14 ویں منٹ میں دو گول کئے ۔پہلے ہاف کے اختتام پر شفیع الیون ملیر کا سکور 2-0 رہا۔ دوسرے ہاف میں بھی شفیع الیون ملیرکی ٹیم نے دلکش کھیل سے شائقین فٹبال کو خوب محظوظ کیا ۔شفیع الیون ملیر کے اظہر نے 48 منٹ میں ایک اور گول کرکے مقابلہ 3-0 کردیا اوراسی سکور پر میچ کا اختتام ہوا اورشفیع الیون ملیر نے 3-0 سے جیت کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنالی ۔ریفری یوسف فیفا ،بشیر احمد ،آصف عدنان ،گلاب اور غلام اکبر ،میچ کمشنر ابوبکر ،واجو ،عابد بلوچ ،میڈیکل گل مجیب تھے ۔آج 3 میچز کھیلے جائے گے ۔پہلا میچ ینگ عمر لین بمقابلہ ینگ میران ،دوسرا میچ الشہزاد ملیر بمقابلہ بلوچ فائٹر اور تیسرا میچ نواب الیون بمقابلہ ینگ جمال ہوگا ۔