کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ( ن )کے نواب ثنااللہ زہری اورجنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ۔ ق لیگ کے کرنل ریٹائرڈ یونس چنگیزی، نیشنل پارٹی کے نواب محمد خان شاہوانی بھی جیالے بن گئے ۔ ن لیگ سے سردار چنگیز ساسولی ،میر عبدالر حمان زہری ، نواب شیر باز نوشیروانی ، میر عرفان کرد اور میر غازی خان پندرانی بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے ۔ انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کااعلان کوئٹہ میں ہونے والے جلسے میں کیا۔ جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی خطاب کیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا نواب ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ سمیت تمام رہنمائوں کا شکر گزار ہوں جو پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ، بلوچستان کے عوام اور پیپلزپارٹی کا رشتہ تین نسلوں کا ہے ، بلوچستان کا اگلا وزیراعلیٰ جیالا ہوگا، ہم بلوچستان کے مسائل حل کریں گے ۔ بلوچستان کے عوام ہمارے ساتھ ہیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی۔ پی ٹی آئی کی نالائق اور نااہل حکومت میں جگہ جگہ ناانصافی ہورہی ہے ، تبدیلی سرکار نے مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، تبدیلی کا اصل چہرہ سب نے دیکھ لیا ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواب ثناء اللہ زہری نے کہا نواز شریف کی فطرت میں وفا نہیں۔ نواز شریف سے کہا تھا ہم نے (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان عزت کی خاطر کیا، ہمیں صرف عزت چاہیے اور کچھ نہیں، نواز شریف نے ہمیں بے عزت کیا تو ہم نے پارٹی چھوڑی، غلام اسحاق خان سب سے پہلے نواز شریف کا شکار بنے ۔امید ہے بلاول بھٹو ایسانہیں کرینگے ۔ ہم نے مشکل وقت میں (ن) لیگ کا ساتھ دیا، میرے والد پیپلزپارٹی میں تھے اور آج میں بھی جیالا بن گیا۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا (ن) لیگ کو ہم نے خیرباد کہہ دیا ،ن لیگ میں اب کوئی قدآور شخصیت نہیں رہی،بلوچستان کو پیپلزپارٹی کی ضرورت ہے ۔