پشاور(رحم یوسفزئی)خیبرپختونخوا کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں بھی خلاف قواعد اہم انتظامی امور پر عرصہ دراز سے ٹیچنگ کیڈر کے افسران تعینات ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے خیبرپختونخوا یونیورسٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انتظامی امور کی ذمہ داریاں منظور نظر اساتذہ کے حوالے کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق کنٹرولرامتحانات، پرووسٹ ، ڈائریکٹر فنانس ، ڈائریکٹر ایڈمشن اورڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈی اینڈ ریسرچ بورڈ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمشن ،میڈیا آفیسر اوردیگر عہدوں پر اساتذہ تعینات ہیں ۔ذرائع کے مطابق ٹیچنگ کیڈر کے افسران انتظامی عہدے چھوڑنے کو تیار نہیں جبکہ یونیورسٹی کے طلبہ کو پڑھائی کے لئے اکثر اوقات لیکچررز یا پروفیسر دستیاب نہیں ہوتا۔ یونیورسٹی کے میڈیا ڈائریکٹر عتیق نے بتایا کہ انتظامی امور کی ان پوسٹوں کو موجودہ وائس چانسلر سے پہلے قانون کے مطابق مشتہر کیا گیا تھا مگر اس میں یونیورسٹی کو ایسے قابل افسران جس کا تجربہ 20سے 25سال ہو وہ نہیں ملے اور نہ ہی یہ پوسٹیں یونیورسٹی کے رولز کے مطابق تھیں یہی وجہ ہے کہ ابھی تک ان پوسٹوں پر فیکلٹی ممبران کام کررہے ہیں۔