پشاور(92نیوز)وفاقی وزیر مذہبی اُمور ڈاکٹر پیر محمد نورالحق قادری نے کہا ہے کہ اسلام صبر وتحمل ، برداشت اور رواداری کا مذہب ہے ، دوسرے مذاہب کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اسلام نے کھلا چھوڑا ہے ۔وہ پشاور کے مقامی ہوٹل میں وفاقی وزارت مذہبی اُمور وبین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام "بین المذاہب ہم آہنگی میں مذاکرات کی اہمیت" کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ کانفرنس میں تمام مذاہب کے قائدین سمیت ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی، علمائے کرام، مشائخ عظام اور تمام مذاہب کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نورالحق قادری نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات نے مسلمانوں کو افراط وتفریط سے بچنے کی تلقین کی ہے ، اسلام نے جبر سے اپنی بات منوانے کی سخت ممانعت کی ہے بلکہ اخلاق، پیار اور بردباری کے ساتھ تبلیغ وتلقین کی تاکید کی ہے ، نبی کریمﷺ نے اپنی شخصیت کو اپنے اخلاق وکردار سے لوگوں پر منوایا یہاں تک کہ آپکے جانی دشمن بھی آپؐکی دیانت، امانت اور کردار کے حسن کے قائل تھے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت اُمتی انہی پاکیزہ تعلیمات کی امین بن کر معاشرے سے ہر قسم تعصبات ،نفرتوں اور جہالت کا خاتمہ کرکے امن ، رواداری اور محبت کو فروغ دیں۔دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کا احترام ہم پر لازم ہے ، پاکستا ن میں رہنے والے مسلمان اور تمام مذاہب کے ماننے والے پاک پرچم تلے ایک ہیں، ملک کے شہری ہونے کے ناطے سب کو برابر شہری حقوق حاصل ہے ، وفاق پاکستان کے استحکام کیلئے ان تمام اکائیوں کا متحد رہ کر ایک دوسرے کا احترام کرنااور باہمی حقوق کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے ۔ تقریب سے سابق صوبائی وزیر قاری روح اﷲ مدنی ، ڈاکٹر حافظ عبدالغفور ممبر قومی اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری جمشید تھامس ، ممبر صوبائی اسمبلی اور کیلاشی رہنماوزیر زادہ،ممبر صوبائی اسمبلی روی کمار، ممبر قومی اسمبلی جیمس اقبال، بشپ پشاور ھمفری سرفراز پیٹر، ہندوسکالر ہارون سردریال نے بھی خطاب کیا۔