لاہور(وقائع نگار ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک اور عوامی اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب ہاؤس مری اور گورنر انیکسی کو بھی عوام کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب ہاؤس مری اور گورنر انیکسی کو 16ستمبرکو عوام کے لئے کھول دیاجائے گا۔عوام پنجاب ہاؤس مری اورگورنر انیکسی میں رقم ادا کر کے قیام کر سکیں گے ۔سرکاری عمارتوں کو عوام کے لئے ریسٹ /گیسٹ ہاؤسز میں بدلنا وی آئی پی کلچر کے خاتمے کی جانب اقدام ہے اور اس اقدام سے سرکاری ریسٹ/گیسٹ ہاؤسز کو آمدن بھی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سیاحتی مقامات پر بہترین سہولتوں سے آراستہ ریسٹ /گیسٹ ہاؤسز میں قیام کی سہولت ملے گی۔جمہوریت کے عالمی دن پر پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جمہوریت عوام کی حکمرانی کا نام ہے اور تحریک انصاف کی حکومت جمہوریت پر کامل یقین رکھتی ہے اور ہم جمہوریت اور جمہوری ادارو ں کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کے عالمی دن پر سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو عرصہ دراز سے جمہوری حق سے محروم کر رکھا ہے ۔ مودی سرکار کشمیری عوام کو جمہوری حق دینے کی بجائے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سعودی عرب سے صوبائی انتظامیہ کو انسدادڈینگی کیلئے خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کومزید موثر انداز میں آگے بڑھایا جائے اور ڈینگی کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے محکمہ صحت کے حکام اورانتظامی افسران فیلڈ میں ایس او پیز پر عملدر آمد یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی مکمل مانیٹرنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی، لاہور اور دیگر شہروں میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے وضع کردہ پلان پر 100فیصد عملدرآمد کیاجائے ۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزخود انسداد ڈینگی مہم کو لیڈ کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چلڈرن ہسپتال لاہورمیں بجلی کی طویل بندش کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیرصحت اورسیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔انہوں نے پاک افغان سرحدپرشرپسندوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تحریک پاکستان کے کارکن و سینئر صحافی حامد علی خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔