اسلام آباد (وقائع نگار)وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف تحریک چلانا قیامت کی نشانی ہے ،میاں نوازشریف نے ملک کے قرضے 30 ہزارارب روپے تک پہنچائے اوران قرضوں کا پہاڑ عمران خان پر ڈال کر چلے گئے ہیں۔گزشتہ روز عثمان ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاست کیلئے مریم صفدر کو مریم نواز کا سہارا لینا پڑا ، اپوزیشن والے سڑکوں پر ضرور آئیں مگر اپنی کارکردگی بھی ساتھ لائیں۔انہوں نے کہا کہ قومی ادارے سب کے سامنے ہیں جوکہاں سے کہاں پہنچ گئے ، سیاسی مخالفین کوئی ایک ادارہ بتادیں جو یہ منافع بخش چھوڑ کر گئے ہوں۔ انہوں نے کہا اپوزیشن کا مہنگائی اور آئی ایم ایف کا چورن بک نہیں رہا ہے ،پاکستانی عوام ان رہنماؤں کی باتوں کو بھولے نہیں ہیں، ماضی میں یہ ایک دوسرے کے دست و گریبان تھے ، آج بلاول اور مریم بہن بھائی کی شکل میں سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ معاشی دہشتگرد ہیں اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، ان کو خوف ہے عمران خان ڈیڑھ سال میں معیشت کو مستحکم کر دیں گے ، معاشی دہشتگردوں کا محاسبہ کیا جا رہا ہے اس لئے یہ سب اکٹھے ہیں۔