لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آباد(خصوصی نمائندہ، اپنے رپورٹر سے ،نمائندگان)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ڈینگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے روالپنڈی، سرگودھا اور فیصل آباد کے طوفانی دورے کئے ۔ وزیراعلیٰ نے ہنگامی بنیادوں پر واک ان انٹرویو کے ذریعے ایک ہزار ڈاکٹر اور ایک ہزار نرسز بھرتی کرنے کا اعلان بھی کیا، ڈینگی مہم میں دن رات کام کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ایمرجنسی الاؤنس بھی دیا جائے گا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے راولپنڈی کے ہسپتالو ں میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کو راولپنڈی میں ہی قیام کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سب سے پہلے لاہور سے راولپنڈی پہنچے جہاں انہیں کمشنر آفس میں ڈینگی سے بچاؤ اور علاج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے ۔ دریں اثنا انہوں نے راولپنڈی میں بے نظیربھٹوہسپتال کا دورہ بھی کیا اور ڈینگی کے مریضوں کے علاج کیلئے بنائے گئے سپیشل وارڈز میں جا کر انتظامات کا جائزہ لیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ سرگودھا گئے اورکمشنر آفس میں انسداد ڈینگی مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب کا دورہ کروں گا،مریضوں کا علاج میری ذمہ داری ہے ۔سرگودھا سے وزیر اعلیٰ فیصل آباد چلے گئے جہاں کمشنر آفس میں وزیراعلیٰ کو کمشنر فیصل آباد ڈویژن نے ڈینگی کی صورتحال اورحفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے آئیسولیشن وارڈ کا جائزہ لیا، وزیر اعلیٰ نے وارڈ میں داخل مریضو ں کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ آفس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کو حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ حال تھی،ادارے کنگال تھے ،پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور میر پور میں زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے بھی قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔بعدازاں انہوں نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے سینئر صحافیوں سید مجاہد شاہ اور سید مشرف شاہ کے والد کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کیا۔