لاہور،مظفرگڑھ،سلطان پور (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگاران،نمائندہ 92 نیوز،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب نے 6گھنٹے طویل طوفانی دورہ مظفرگڑھ کے دوران مظفرگڑھ میں یونیورسٹی کے قیام، مظفرگڑھ تا علی پور دو رویہ سڑک کی تعمیر کا اعلان کردیا، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ میں 19ارب روپے کے ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں گائنی وارڈ اور لیبر روم، قصر بہبود میں مختلف شعبہ جات اور ڈپٹی کمشنر آفس میں سہولت سنٹر کا بھی افتتاح کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو 1122کے کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا، کوٹ ادو اورجتوئی میں ریسکیو 1122 کے قیام کے منصوبوں کا افتتاح کیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جتوئی تا ستھاری روڈ کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،جتوئی تا ستھاری روڈ 8کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سرکٹ ہاؤس مظفر گڑھ کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری کا افتتاح کیا جبکہ وزیراعلیٰ اچانک پولیس سٹیشن سٹی مظفرگڑھ بھی گئے ۔وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر وارڈ میں گائنی وارڈاور لیبر روم کا افتتاح کیا۔تھانہ سٹی اور اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس میں ممبران اسمبلی اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں ۔سرکٹ ہاؤس میں ہی وزیراعلیٰ نے دیہی بنیادی مراکز صحت اور ریسکیو سنٹرز شہر سلطان اور کوٹ ادو کا افتتاح بھی کیا۔انہوں صحافیوں کے لئے صحت کارڈ کے اجراء اور صوبہ بھر میں ڈویژنل سطح پر صحافی کالونیاں بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ سے دلی لگاؤ ہے ، اسے اپنا گھر سمجھتا ہوں اور مظفرگڑھ کی محرومیاں دور ہونے کا وقت آ گیا،کاغذی کارروائی نہیں ہوگی۔وزیراعلیٰ دورہ مظفرگڑھ کے دوران تین منزلہ عمارت زمین بوس ہونے کے دلخراش واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 8افراد کے ورثاء سے سرکٹ ہاؤس مظفرگڑھ میں تعزیت کی اور 24لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا ۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار بغیر شیڈول کے ہیڈ پنجند بھی گئے اوربیراج کے بحالی کے کاموں کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحصیل علی پورمیں ہیڈ پنجند کا بغیر شیڈول دورہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہیڈ پنجند بیراج کے بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بیرا ج کے بحالی کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہیڈ پنجند کے پل کابھی معائنہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہیڈ پنجند کے دوسرے راستے کو مزید کشادہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے دوسرے راستے کی کشادگی ضروری ہے ،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی آمد پرہیڈ پنجند پر لوگوں کی بڑی تعداد اورورکرز اکٹھے ہوگئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار ورکرز میں گھل مل گئے ،ورکرز نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ سیلفیاں بنائیں، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف دانشور ڈاکٹر لال خان کے انتقال اور سردارعاشق سے اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کی۔