کراچی(سٹاف رپورٹر)عظیم صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کا تین روزہ عرس کل 22 اگست سے شروع ہوگاجس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔تین روزہ عرس تقریبات کے انتظامات اورزائرین کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مزار کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی ۔آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کی ہیں کہ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے تین روزہ عرس کی تقریبات کے موقع پر سکیورٹی کے غیرمعمولی اقدامات کویقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس سیکیورٹی پلان کے تحت انٹیلی جینس کلیکشن وشیئرنگ،پیٹرولنگ،سنیپ چیکنگ،پکٹنگ، شہریوں کی جان ومال کی سلامتی سمیت دہشت گردوں ودیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کوقانون کی گرفت میں لاتے ہوئے ہر ممکن انسدادی اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے ۔علاوہ ازیں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس میں شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اورمزید ضروری ہدایات دی گئیں۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ امن وامان کے حالات اوراس حوالے سے کراچی پولیس کیجانب سے مختلف نوعیت کے جرائم بشمول سٹریٹ کرائمز، چوری،قتل، اقدام قتل سمیت مارکیٹوں اور بازاروں میں نقب زنی وغیرہ کے حوالے سے اختیارکردہ انسدادی حکمت عملی اورلائحہ عمل کوہرسطح پر مزید موثرمربوط اورکامیاب بنایاجائے ۔