ملتان (سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جو قوتیں پاکستان میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں وہ پاکستان کی دوست نہیں ہو سکتیں ۔ پاکستان مخالف ہر قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ بھارت 750 جعلی ویب سائٹس اور این جی اوز کے زریعے ہرزہ سرائی کر رہا ہے ۔ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے ۔ پاکستان نے بھارت سمیت تمام دشمن ممالک کے تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ، جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ ملتان میں ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدنی چوک پر فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ کی جانب سے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے مدنی فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دشمن کے منصوبوں سے واقف ہیں، بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر ، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب حاجی جاوید اختر انصاری ، صدر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ چودھری الیاس اور جنرل سیکرٹری چوہدری سلیم کمبوہ نے بھی خطاب کیا ۔