ملتان(سپیشل رپورٹر ،جنرل رپورٹر )سجادہ نشین درگاہ ِ عالیہ حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اولیا اﷲ کے آستانے روحانی فیض کے سرچشمے ہیں اور یہاں آنے والا اپنا دامن ِ مراد بھر کر ہی جاتا ہے ، یہاں آنے والا کبھی خالی ہاتھ نہیں لوٹتا ، معاشرے سے شدت پسندی کے خاتمے اور امن و یگانگی کو فروغ دینے کیلئے ہمیں اولیاء اﷲ کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا ، درگاہ کے احاطے میں منعقدہ’قومی شاہ رکن ِ عالم کانفرنس‘ کے دوسرے سیشن میں ڈاکٹر ارشد بلوچ نے کہا کہ حضرت بہاء الدین زکریا ؒ کی قائم کردہ جامعہ بہائیہ سے شروع ہونے والے مشن کو حضرت شاہ رکن الدین عالم نے آگے بڑھایا ،بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک سٹڈیز کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس نے کہا اﷲ تعالیٰ نے اپنی مخلوق کی رہنمائی کیلئے پیغمبروں اور صحابیوں کو اِس دنیا میں بھیجامحکمہ اوقاف کے زونل خطیب مولانا غلام محمد درویش نے کہا حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ جیسی ہستیاں صادقین میں شمار ہوتی ہیں ، دوسرے روز کی تقریب میں سندھ سے آنے والے منقبت خوانوں نذیر احمد عالمانی ، نواز چاچڑ اور ساتھیوں نے زائرین کا دل گرمادیا ، شاہ محمود قریشی نے کشمیر، فلسطین اور شام کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کرائی ،ہندوستان کی ریاست راجستھان سے خلیفہ امان اﷲ، احمد علی پوتا کی قیادت میں 21رکنی وفد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی، آج اختتامی نشست ہو گی جس میں شاہ محمود قریشی دعا کرائیں گے ۔