لاہور(نمائندہ خصوصی سے) امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار کے چیئر مین شاہد حمید قادری نے کہا ہے کہ حضرت سید داتا گنج بخش ؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور محکمہ اوقاف ایک پیج پر ہیں جبکہ امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار کے تمام ممبران عرس انتظامات کو فول پروف اور بہتر بنائے رکھنے کے لئے اوقاف حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔سیکرٹری اوقاف میاں ابرار احمد، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، داتا دربار انتظامیہ عرس تقریبات کے حوالے سے معاملات کو خوش اسلوبی سے سر انجام دینے کے لئے ایک ٹیم کی طرح کوشاں ہیں۔ پولیس فورس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے وردی میں ملبوس اہلکاروں اور پینٹ شرٹ میں ملبوس زائرین کے داتا دربار میں داخلے پر پابندی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ اس حوالے سے پیدا ہونے والا یہ ابہام غلط ہے ۔ پولیس فورس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار داتا دربار میں روٹین کے مطابق ڈیوٹی دے رہے ہیں اور دوران عرس بھی فرائض سر انجام دیں گے ۔روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ان کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔محکمہ اوقاف حکام نے تین روزہ عرس تقریبات کے سلسلے میں لاہور پولیس، ضلعی انتظامیہ، لیسکو، سوئی ناردرن پائپ لائنز سمیت تمام حکومتی اداروں کے ساتھ جو لائحہ عمل ترتیب دیا ہے ، امور مذہبیہ کمیٹی کی جانب سے اس حوالے سے محکمہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے اوردوران عرس تمام ممبران کمیٹی ایک خادم کے طور پر کام کرتے دکھائی دیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں شاہد حمید قادری نے کہا کہ امور مذہبیہ کمیٹی کے اجلاس میں 11نکاتی ایجنڈازیر بحث آیا۔انہوں نے کہا کہ داتا دگنج بخش علی ہجویری ؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہی فلاحی معاشرے کی تشکیل ممکن ہے ۔بلا شبہ برصغیر میں حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ کی شخصیت، ان برگزیدہ ہستیوں میں سر فہرست ہے ،جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔