لاہور(سٹاف رپورٹر،آن لائن )مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا عمر تنویر نے مجھے ہراساں کیا، میری شہرت کو نقصان پہنچایا اور گھر کی تصویر بنائی لہذا ہراساں کرنے پر ایف آئی آر کیلئے ماڈل ٹاؤن تھانہ میں درخواست دوں گی۔دوسری جانب چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر جٹ نے عظمیٰ بخاری کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا لیگل نوٹس بھجوایا ہے ۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے عظمیٰ بخاری نے میرے کوآرڈینیٹر پر کرپشن کے الزامات لگائے لہذا کرپشن کے الزامات کے ثبوت فراہم کئے جائیں یا معافی مانگی جائے ۔دریں اثنا عظمیٰ بخاری نے کہا ہے دوسرے کو چور ڈاکو کے لقب دینے والے ٹھگز آف دی پاکستان ثابت ہوئے ۔ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ تبدیلی سرکار کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے ۔کرپشن کرپشن کا شور کرنے والے خود سب سے بڑے چور نکلے ۔ عظمیٰ بخاری نے فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل میں کہاعمران خان اور عثمان بزدار کیخلاف سازشیں کرنے کیلئے ان کے وزیر اور مشیر ہی کافی ہیں۔ بعدازاں عظمیٰ بخاری نے لاہور کے مختلف علاقوں کا سروے کیا اور چھوٹے دکانداروں سے آٹے کے حوالے سے دریافت کیا۔عظمی بخاری نے کہا دکانداروں نے آٹا نہ ہونے کی شکایات کی۔