لاہور( سٹاف رپورٹر ) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مبلغ مولانا عبدالنعیم، مولانا جمیل الرحمن اختر، پیررضوان نفیس، مولانا علیم الدین شاکر نے کہا ہے کہ حالات جو بھی ہوں عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہرقیمت پر کیا جائیگا۔پاکستان کے آئین کی روشنی میں کسی قادیانی کو اذان سمیت شعائراسلامی استعمال کرنے کی کوئی اجازت نہیں۔ مختلف چینلز پر آئین پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی جارہی ہے حکومت اور پیمرا ایسے چینلز کی نشریات پر پابندی لگائیں عقیدہ ختم نبوت اسلامی تعلیمات کی اساس ، امت میں اتحاد کی فضا قائم کرنے کے لیے مینارہ نور ہے ۔ کسی شخص کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کی آڑ میں گستاخی رسول کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عقیدہ ختم نبوت اسلام میں خشت اول کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اسلام کے تمام بنیادی ارکان اور اسلامی نظام حیات کی عمارت بھی اسی عقیدے پر قائم ہے قادیانی گروہ سازش کے تحت ۱۹۷۴ء اور ۱۹۸۴ کی آئینی ترامیم کو ختم کرنے کے لئے نام نہاد انسانی حقوق کی تنظیموں کو مہرے کے طور پر استعمال کر رہا ہے ۔