لاہور، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی سے ، سپیشل رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، کامرس رپورٹر، کرائم رپورٹر ) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر پورا ملک غم میں ڈوبا رہا، کارکن غمزدہ رہے ، آخری دیدار کیلئے ملک بھر سے کارکن لاہور پہنچ گئے ، آج صبح 10 بجے ان کی نماز جنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پی ایچ اے نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ، پی ایچ اے کی جانب سے وضو کے انتظامات کئے جائیں گے ، واسا سے واٹر باؤزر مانگ لئے گئے ، نماز جنازہ میں شرکت کرنے والے شرکا گیٹ نمبر 1 اور 5 سے داخل ہو سکیں گے ، پو لیس ترجما ن کے مطابق ڈی آ ئی جی آپر یشن کی سر براہی میں ایس پی سٹی سمیت پولیس کے 50 ریزرو دستے ، 26 ایس ایچ اوز، 13 ڈی ایس پیز اور ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات ہونگے ، اینٹی را ئٹ فو رس بھی الرٹ رہے گی، تحریک لبیک پاکستان کے ذمہ داران کے مطابق مولاناخادم حسین رضوی کی میت سبزہ زار سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مینار پاکستان گراؤنڈ لے جائے گی، تدفین ملتان روڈ پر ان کے مدرسہ رحمۃ للعالمین سے ملحقہ مدرسہ ابوذر غفاری میں کی جائے گی، عقیدت مندوں کی آمد کے باعث چوک یتیم خانہ کو کئی کلومیٹر تک عام ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، میت دیدار کے لئے رکھی گئی تو ہزاروں کارکنوں کی طویل قطار ان کے آخری دیدارکے لئے بن گئی ، پورے ملک سے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے آخری دیدار کیلئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی، علما اور شہری کہتے رہے کہ علامہ رضوی کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہم ایک بڑے عاشق رسول سے محروم ہوگئے ، علامہ رضوی کے انتقال سے ہم یتیم ہوگئے ، آج ہمارے دل رو رہے ہیں، ایسے علما کا صدیوں تک خلا پر نہیں ہوسکتا، عالم اسلام ا ٓج ایک ایسی شخصیت سے محروم ہوگیا جس نے ختم نبوت کے ایشو کو ہر دل تک پہنچا دیا ، دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا، صدر مملکت نے علامہ رضوی کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی مولانا رضوی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا مولانا رضوی کی اچانک وفات پر بڑا دکھ ہوا، وہ ایک سچے عاشق رسول تھے ، وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے بھی علامہ رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیتکیا، مفتی تقی عثمانی نے ٹویٹ میں کہا وفات پر دلی صدمہ ہوا، ختم نبوت اور ناموس رسو ل صلی اللہ علیہ وسلم پر وہ ایک گونجتی آواز تھے ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر شیخ الحدیث مولاناڈاکٹر عبدالرزاق سکندر، نائب امرا مولانا ناصرالدین خان خاکوانی، مولاناخواجہ عزیز احمد اور دیگر نے کہا مولاناخادم رضوی تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت کے محاذپرایک پرجوش اور تواناآواز تھے ، انکی جدائی پر صرف تحریک لبیک کے کارکنان نہیں بلکہ محافظین ختم نبوت اور ہر داعی انقلاب یتیم ہوگیا ، علامہ ابتسام الہی ظہیر نے بھی علامہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہا علامہ رضوی کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد ر کھا جائے گا، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے ان کی موت کو اہل سنت کا عظیم نقصان قرار دیا اور کہا الیکشن کمیشن کے فارم میں ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی پر ان کی ملک گیر احتجاج آج بھی عوام کو یادہے ، تحریک دعوت حق پاکستان نے امیر علامہ محمد اصغر نورانی کی اپیل پر علامہ رضوی کے انتقال پر تین روز ہ سوگ کا اعلان کر دیا ، مولاناخادم رضوی کے انتقال پر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی،مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم،مولاناعلیم الدین شاکر،پیررضوان نفیس ، مولاناخالد محمود اور دیگر نے کہا علامہ رضوی نے نے تحفظ ناموس رسالت کی تحریک کو ایک نیاموڑ دیا، سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے انتقال کو عظیم سانحہ قرار دیا، کل مسالک علمائبورڈ کے چیئرمین مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا علامہ رضوی نے امت مسلمہ کو بیدار کیا، صدر نیشنل مشائخ کونسل و سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی خواجہ غلام قطب الدین فریدی و دیگر نے کہا علامہ رضوی کے انتقال سے پیدا خلا کبھی مکمل نہیں کیا جا سکے گا، جے یو پی کے صدر ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے بھی مرحوم کے درجات کی بلند ی کیلئے دعا کی، صدر سنی تحریک پنجا ب علامہ مجاہد عبدالر سو ل نے کہا علامہ کی وفات پر ہر سنی آبدیدہ ہے ۔