لاہور( خبرنگارخصوصی) چیئر پرسن سٹیڈنگ کمیٹی فار چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم و رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی 3217ایکڑ پر قائم کیا جائے گا ،جس میں ایک ارب ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی کمٹمنٹ آچکی ہے ،6 چینی کمپنیوں کے علاوہ دیگر غیر ملکی کمپنیاں بھی اس پراجیکٹ میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ابتدائی طورپر چینی کمپنیوں کو صنعتیں لگانے کے لئے 7سو ایکڑ اراضی فراہم کی جا رہی ہے ،چین سے مزید سرمایہ کاری آنے پر مزید اراضی فراہم کی جائے گی، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی 22کلو میٹر طویل باؤنڈری وال، مین بلیوارڈ، مین گیٹ اور ساڑھے چھ کلومیٹر رابطہ سڑک وغیرہ پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کا پہلا فیز جون 2021 اور دوسرا فیز 2022 کے اواخر میں جبکہ تیسرا فیز جولائی 2024 تک مکمل ہو جائے گا۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایئرپورٹ، ہسپتال، لیبر کالونی/کمپلیکس، پارکس، سپورٹس گراؤنڈز، ایکسپو سینٹر، فور سٹار ہوٹل سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم ہوں گی۔ جہاں 12 سے زائد انڈسٹریل سیکٹرز کو نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سطح پر کاروباری مسابقت میں معاونت فراہم کی جائے گے ۔