اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا ہے کہ علاقائی تجارت کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے سارک ممالک کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ریاستوں اور افغانستان کے ساتھ باہمی تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں ہمیں نئی منڈیاں تلاش کرنے کی ضرورت ہے ازبکستان، قزاقستان اور تاجکستان میں پاکستانی مصنوعات کی زبر دست مانگ ہے ہمیں روایتی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے شعبوں میں بھی سرمایاکاری کرنے کی ضرورت ہے گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان اور چین سمیت خطے کے ممالک کیلئے نفع بخش سرمایہ کاری کا نادر موقع ہے اور یہ منصوبہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے نیٹ ورکنگ کا کردار ادا کرے گا گیم چینجر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لئے معاشی ترقی کے نئے در کھولے گا۔