پنجاب میں دیہی علاقوں میں بھی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے بنیادی و دیہی مراکز صحت کو ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ دے دیا ہے۔ حکومت نے کورونا ویکسی نیشن دیہی علاقوں میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ لیکن اس سلسلے میں ماضی کے تجربات کو سامنے رکھنا بہت ضروری ہے۔ دیہی علاقوں میں کم تعلیم یافتہ لوگ ہوتے ہیں جو سنی سنائی باتوں پر زیادہ عمل کرتے ہیں۔ جبکہ پولیو کے قطروں کی طرح وطن اور انسانیت دشمن عناصر نے کورونا ویکسی نیشن کے بارے میں غلط افواہیں پھیلا دی ہیں کہ اس کے نقصانات ہوتے ہیں۔ لہٰذا حکومت قبل از وقت علاقائی عمائدین ‘ علما کرام اور پنچایتی افراد سے مل کر دیہی علاقوں میں گمراہ کن خبروں کے توڑ کے لئے کام کرے ۔ لوگوں کو کورونا ویکسی نیشن کی افادیت سے آگاہ کرے۔ علماء کرام منبر و محراب سے اس موضوع پر گفتگو کریں اور پروپیگنڈے کے خاتمے کے لئے کام کریں۔ چند روز قبل صدر پاکستان نے اس سلسلے میں علماء کرام سے رابطہ کیا تھا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس رابطے کو مضبوط بنایا جائے اس کے علاوہ دیہی علاقوں کے لوگ جو شہروں میں موجود ہیں کورونا ویکسین نیشن کی افادیت کے بارے لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ منفی خبریں پھیلانے کی حوصلہ شکنی ہو اور خلق خدا اس وائرس سے محفوظ ہو سکے۔